
فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمیشن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کو 29 نومبر بروز بدھ کو طلب کیا ہے، سابق وزیراعظم کا کمیشن کے روبرو بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ 2017 میں راولپنڈی پولیس کے سربراہ اسرارعباسی نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی اس وقت وزیراعظم تھے جب فیض آباد دھرنا ہوا تھا، وہ اگست 2017 سے 31 مئی 2018 تک وزیراعظم رہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مسترد کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمیشن ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل (آئی جی) اختر علی شاہ کی سربراہی میں تشکیل دیا تھا۔یاد رہے کہ 20 نومبر سے فیض آباد دھرنا کیس میں تحقیقاتی کمیشن نے کام شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ریکارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔