
لکی مروت کے علاقے احمدزئی میں دہشتگردوں نے گزشتہ رات پولیس پوسٹ پر حملہ کر دیا، حملے کو ناکام بنانے میں علاقے کے لوگوں نے پولیس اہلکاروں کی بھرپور مدد کی اوردہشتگرد بھاگ گئے۔لکی مروت میں عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ دہشتگردوں کے خلاف صف آراء ہیں، گزشتہ رات احمد زئی میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا، تاہم اطلاع ملتے ہی علاقے کے عوام پولیس اہلکاروں کی بھرپور مدد کو پہنچ گئے۔احمد زئی پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے 7 سے 8 دہشت گردوں کی نشاندہی کی، جو لکی مروت اور ملحقہ علاقوں میں دہشتگرد کاروائیوں کی غرض سے نقل وحرکت کر رہے تھے۔جدید نگرانی کے آ لات سے لیس پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کو فوراً نشانہ بنایا اور عوام نے پولیس کے شانہ بشانہ دہشتگردوں سے لڑائی کی، جس پر تمام دہشت گرد بھاگ گئے۔خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد میں حالیہ اضافہ سے پولیس اہلکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اور عوام کا بھی کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عملی طور پر سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، دہشت گرد گیدڑ کی طرح حملہ کرتے ہیں، اگر ہمت ہیں تو میدان میں مقابلہ کریں، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی سر زمین کے لیے ہرقربانی دینے کو تیار ہیں، نہتے عوام کو نشانہ بنانے اور بھتہ خوری والے خوارج کا وجود ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر علاقہ میں دیرپا امن کے قیام کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔