
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور ہائی کورٹ میں ان کی جانب سے جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ شاہ محمود قریشی اور عمران خان کی طرح ضمانت دے دیں۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی اور چوہدری پرویز الہٰی کو روسٹرم بلایا اور استفسار کیا کہ آپ کب سے جیل میں ہیں۔چوہدری پرویز الہٰی نے عدالت کو بتایا کہ میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہوں، جس پر جسٹس امجد رفیق نے پوچھا کہ آپ کو وہاں کیا مسئلہ ہے، چوہدری پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ وہاں مسائل کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جیل کی صورت حال بتاتے ہوئے کہا کہ ہر طرف کیڑے ہیں، کمرے میں ہی واش روم ہےانہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے پاؤں پھول گئے ہیں لہٰذا علاج کے لیے سروسز ہسپتال بھیج دیں، جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ اس کے علاوہ کیا راستہ ہو سکتا ہے۔پرویزالہٰی نے کہا کہ مجھے شاہ محمود قریشی اور عمران خان کی طرح ضمانت دے دیں، جس پر عدالت میں قہقہے لگے اور جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ آپ کے مقدمات ون بائی ون ہی ڈیل ہوں گے, عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کے پاس اے سی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اے سی کہاں ہے، میرے کمرے سے پنکھا بھی لے گئے ہیں۔جسٹس امجد رفیق نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا کہ آپ کو کسی افسر پر اعتماد ہے جو جیل کا دورہ کرے۔بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو کل طلب کر لیا