
پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق سنسی خیز انکشافات سامنے آگئے ۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے بتایا کہ پولیس لائنز پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اور ہینڈلر کو ٹریس کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حملہ خودکش تھا یہ بات اب سائنسی تحقیق سے ثابت ہوچکی ہے، تین سو کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیکر سراغ لگایا گیا ، ٹی ٹی پی جماعت الاحرار نے دھماکہ کیا اور پلاننگ افغانستان میں ہوئی ہے ۔شوکت عباس نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور گرفتار ہے اگر پہلا ناکام ہوتا تو یہ دوسرا حملہ کیا جاتا ، خودکش حملہ آور کا نام امتیاز عرف تورا شپا ہے اس کا تعلق شوبکڑی سے ہے، امتیاز خان اور خودکش حملہ آور نے افغانستان کے ایک مرکز میں تربیت لی۔انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کے ماسٹر مائنڈ کا نام غفار عرف سلمان ہے جو واقعے کے دن خودکش حملہ آور سے رابطے میں تھا۔خودکش حملہ آور کا تنظیمی نام قاری ہے اس کے سہولت کار کانام ابھی نہیں بتاسکتے ، ماسٹر مائنڈ اور ہینڈلر کی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، دھماکے کے تمام کرداروں کو پکڑا جائے گا۔یاد رہے کہ جنوری میں پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں ظہر کی نماز کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 90 سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔