
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں کل ممکنہ پیشی کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔اسلام آباد کچہری میں فول پروف سکیورٹی کیلئے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے خط لکھ دیا ہے، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور حساس اداروں کو فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کے لیے خط ارسال کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل سے قیدیوں کو کل کچہری نہ لانے کی تجویز دی گئی ہے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے تمام عدالتوں کو 10 بجے تک تمام کیسز نمٹانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے 10 بجے کے بعد غیرمتعلقہ افراد کو ضلعی کچہری میں داخلے کی اجازت نہ دینے کی تجویز بھی دی ہے۔