
ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد پہنچ گئے۔اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا استقبال آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے کیا۔پاکستان پہنچنے کے لیے امریکی نائب صدر کے طیارے نے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کی فضا کو نظر انداز کر کے طویل راستہ اختیار کیا، میری لینڈ سے روانگی کے بعد طیارے نے پیرس میں ڈھائی گھنٹے اسٹاپ اوور کیا۔پرواز پاکستانی وقت صبح 3 بجے پیرس سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی، امریکی نائب صدر کے طیارے نے طویل افغان کی فضائی حدود استعمال نہیں کی۔طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان، تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچا، جو چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔نائب امریکی صدر کے خصوصی طیارے نے 10 بج کر 33 منٹ پر نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔پاکستان میں ایران امریکا مذاکرات کے لیے آنے والے امریکی وفد میں جے ڈی وینس کے علاوہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہوں گے۔پاکستان روانگی سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے کہ مذاکرات مثبت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران نیک نیتی دکھائے تو امریکا بھی تیار ہے، ایران نے کھیلنے کی کوشش کی تو اسے قبول نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد امریکا سے مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved