
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد محدود تعداد میں ایسے ممالک کا سفر کر سکتے ہیں جہاں ویزا کی پیشگی شرط نہیں یا ویزا آمد پر جاری کیا جاتا ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کی تازہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا ملک قرار پایا ہے۔ اس فہرست کے مطابق سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں، جہاں دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والوں کو 188 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل ہے۔ اس طرح ایشیائی ممالک نے عالمی سفری آزادی میں اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی ہے۔تیسری پوزیشن پر ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس کے ذریعے 186 ممالک میں بغیر ویزا داخلہ ممکن ہے۔ جبکہ چوتھے نمبر پر یورپ کے 10 ممالک — آسٹریا، بیلجیم، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز اور ناروے — موجود ہیں، جن کے شہری 185 ممالک تک ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں اگرچہ پانچ درجوں کی بہتری آئی ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستانی پاسپورٹ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے اور اسے 98ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ پاکستانی شہری اس وقت صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت رکھتے ہیں۔ان ممالک میں مالدیپ، کینیا، نیپال، قطر، روانڈا، سری لنکا، سیشلز اور کمبوڈیا شامل ہیں، جبکہ بعض جزائری ممالک جیسے بارباڈوس، ہیٹی اور مائیکرونیشیا بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ تاہم ان ممالک کی ویزا پالیسیوں میں وقتاً فوقتاً تبدیلی ہوتی رہتی ہے، اس لیے سفر سے قبل تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved