
پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے بورڈ نے گرڈ اسٹیشنز پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے ایک اہم مالی سہولت کی منظوری دے دی ہے۔اس فیصلے کے تحت گرڈ اسٹاف کو ماہانہ 7 ہزار روپے ڈینجر الاؤنس دیا جائے گا، جس کا اطلاق فوری طور پر شروع ہو گیا ہے۔ اس اقدام کو فیلڈ میں خدمات انجام دینے والے عملے کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔پیسکو کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ الاؤنس ان ملازمین کے لیے مخصوص ہے جو روزانہ خطرناک حالات میں اپنی ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں۔ اس میں ایس ایس او، فٹرز، ٹیسٹ انسپکٹرز اور ہیلپرز شامل ہیں۔ بورڈ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی غور کے بعد متفقہ طور پر الاؤنس کی منظوری دی گئی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرڈ اسٹیشنز پر کام کے دوران ملازمین کو بجلی سے جڑے شدید خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ڈینجر الاؤنس کا مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں اضافی مالی تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے سکیں۔پیسکو حکام نے واضح کیا کہ یہ الاؤنس گرڈ اسٹیشنز پر تعینات تمام اہل ملازمین کو دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے نہ صرف عملے کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ ادارے کے اندر افرادی قوت کے حوصلے اور کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved