شمالی کوریا نے ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

Share

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد امریکا کو ایک بار پھر عالمی عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اپنے ملک کے جوہری اور میزائل پروگرام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ اُن کی نگرانی میں ہائپرسونک میزائلوں کے تجرباتی پروازیں کی گئیں، جن کا مقصد آپریشنل تیاری کو جانچنا اور دفاعی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ کم جونگ اُن نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی بحران اس بات کا ثبوت ہیں کہ شمالی کوریا کو اپنی جارحانہ دفاعی صلاحیتیں مسلسل اپ گریڈ کرنا ہوں گی۔جنوبی کوریا اور جاپان نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جنہیں دونوں ممالک نے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ یہ میزائل تجربات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا نے وینزویلا میں کارروائی کرتے ہوئے صدر مادورو کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا۔شمالی کوریا نے امریکی اقدام کو واشنگٹن کی “جارح اور ظالمانہ فطرت” کا ثبوت قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق وینزویلا کی صورتحال پیانگ یانگ کے اس مؤقف کو مزید مضبوط کر رہی ہے کہ بیلسٹک میزائل اور جوہری ہتھیار غیر ملکی مداخلت کو روکنے اور حکومت کی بقا کے لیے ناگزیر ہیں۔حالیہ ہفتوں میں شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل، نئے اینٹی ایئر میزائلوں کے تجربات کیے اور اپنی پہلی جوہری آبدوز کی تعمیر میں پیش رفت کا بھی اعلان کیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات حکمران جماعت کی آئندہ کانگریس سے قبل طاقت کا مظاہرہ ہیں، جہاں امریکا کے ساتھ تعلقات اور ممکنہ مذاکرات سے متعلق نئی حکمتِ عملی سامنے آ سکتی ہے۔دوسری جانب، جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں بھی شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر بات متوقع ہے، جہاں چین سے جزیرہ نما کوریا میں امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔

Check Also

ٹرمپ کا گرین لینڈ حاصل کرنے کیلئے ملٹری آپشنز پر غور

Share امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا گرین لینڈ حاصل کرنے کے آپشنز …