1000301834

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختصر حکم نامہ جاری کر دیا جبکہ خیبرپختون خوا کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیے گئے۔

جاری مختصر حکم نامے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو ہو گا۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب کی درخواست منظور کر لی۔حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن صوبوں، کنٹونمنٹ بورڈز اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں اور حلقے کے ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب کی درخواست قبول کی گئی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ان اضلاع میں جہاں ایمرجنسی کا نفاذ تھا ان کے سوا صوبے کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کا حکم دیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر کو جاری کیے گئے آرڈر پر غور کیا گیا اور آرڈر کی شق نمبر 2 کا جائزہ لیا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق آرڈر کے تحت آئین کے آرٹیکل 140 اے کو معطل کیا گیا ہے، آرڈر کا اطلاق پچھلے آرڈرز میں مختص اضلاع کے علاوہ دیگر پر بھی کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 140 اے مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، 140اے کی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہیں، اجلاس میں باقی اضلاع میں 140 اے کی معطلی کے تناظر میں جاری انتخابی عمل پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan