
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اہم الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری داخلہ اور خزانہ کو سکیورٹی اور فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلایا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے سیکرٹری خزانہ کو بتایا کہ پورے ملک عام انتخابات کیلئے 65 ارب روپے درکار ہوں گے، دونوں صوبوں میں انتخابات کیلئے 20 ارب درکار ہیں جس میں سے صرف 5 ارب روپے دئیے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ رواں مالی سال میں مزید 15ارب روپے کی ضرورت ہے، جس پر سیکرٹری خزانہ نے بتایا مطلوبہ فنڈز مہیا کرنا وزرات کیلئے مشکل ہو گا، فنڈز کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے مشاورت کرنے کے بعد حتمی جواب دیں گے۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ سے کہا کہ پنجاب میں پولیس فورس کے علاوہ 2 لاکھ 97 ہزار دیگر اداروں کی نفری درکار ہو گی، خیبرپختوانخوا میں پولیس کے علاوہ 56 ہزار مزید نفری چاہئے، آپ فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں اور مطلوبہ درکار نفری کا بندوبست کر کے ہمیں آگاہ کریں۔اعلامیے کے مطابق آئی بی، آئی ایس آئی اور دونوں صوبوں کی سی ٹی ڈیز سے بھی کل میٹنگ کی جائے گی، دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو اگلے ہفتے میٹنگ کیلئے بلایا ہے، انتخابی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے وزرات دفاع سے بھی میٹنگ کی جائے گی، گورنر خیبرپختوانخوا نے اگلے ہفتے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔