ثانیہ مرزا کا الوداعی میچ اور پارٹی ،اہم شخصیات کی شرکت، شعیب ملک غائب

Share

عالمی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے کیرئیر کا الوداعی میچ کھیلا اور الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا تو اس میں خاندان کے اہم افراد و قریبی دوستوں کے علاوہ شوبز اور کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی تاہم ان کے خاوند اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی عدم شرکت نے ایک مرتبہ پھر دونوں کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیوں میں جگہ بنا لی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پہ صارفین کی جانب سے مختلف نوعیت کے سوالات بھی پوچھے جانے لگے ہیں جب کہ تاحال شعیب ملک نے اپنی اہلیہ کے لیے ان کے کیرئیر کے الوداعی سفر کی بابت کوئی پوسٹ بھی شیئر نہیں کی ہے اور ثانیہ مرزا ٹینس کورٹ میں بیٹے کے سامنے رو پڑیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل جب ثانیہ مرزا نے میلبرن میں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ بیٹے کی موجودگی میں کھیلا تھا تو جہاں سب نے ٹینس کورٹ میں کھڑے ہو کر انہیں رخصت کیا تھا وہیں دیگر کے علاوہ شعیب ملک نے بھی ان کے لیے تعریفی کلمات ادا کیے تھے البتہ اس تاریخی موقع پر جب وہ جذباتی ہو کر رو پڑی تھیں تو ان کے ساتھ صرف ان کا بیٹا ہی تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ سے دونوں کے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مختلف نوعیت کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں جن میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی بات کی جارہی ہے لیکن تاحال ثانیہ مرزا نے اس حوالےسے کوئی بیان نہیں دیا جب کہ شعیب ملک کا میڈیا میں یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے لہذا اس پر انہیں تنہا چھوڑ دیا جائے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں اس وقت منظر عام پرآئیں جب ایک بھارتی چینل پر ان کا پروگرام آن ایئر ہونے والا تھا جس کی وجہ سے کچھ سوشل میڈیا صارفین نے شائع ہونے والی خبروں کو پبلسٹی اسٹینڈ بھی قرار دیا تھا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ثانیہ مرزا نے اپنا آخری میچ لال بہادر ٹینس اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا تو اسے دیکھنے کیلئے بھارت کے مرکزی وزیر قانون کرن ریجیجو ، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین، یوراج سنگھ، روبن اتھپا ، اننیا برلا اور ہما قریشی سمیت دیگر اہم شخصیات پہنچی تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لال بہادر ٹینس اسٹیڈیم وہی ہے جہاں انہوں نے تقریبا دو دہائی قبل تاریخی ڈبلیو ٹی اے سنگلز خطاب کے ساتھ بڑے پلیٹ فارم پر آنے کا اشارہ دیا تھا۔ثانیہ مرزا نے 5 مارچ کو الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا جس میں ان کے بیٹے اذہان، والدین ، بہن، بہن کے خاوند دکھائی دیے لیکن پاکستانی اسٹار آلراؤنڈر شعیب ملک کہیں نظر نہیں آئے جب کہ ثانیہ مرزا کے لیے یہ انتہائی اہم اور خاص دن تھا۔الوداعی پارٹی میں عرفان پٹھان، یوراج سنگھ، ظہیر خان، گورو کپور، سائنا نہوال، فرح خان، نیہا دھوپیا، ہما قریشی ، اے آر رحمان اور مہیش بابو سمیت دیگر کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar