قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس 2جنوری کو پھرطلب،آج کا اعلامیہ جاری

Share

قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف ایک بیانیے پر متحد ہے اور قومی مفادات پر آنچ نہیں آنے دی جائیگی۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت جاری قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے، اجلاس میں ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا، حکومت کی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکاءکو بریفنگ دی گئی۔اعلامیہ کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے اجلاس میں ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی، پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات و بہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar