وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

Share

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کا استقبال کیا، اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔اس سے قبل عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کا آغاز کررہے ہیں، جس کا مقصد دو طرفہ امور پر اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے رکھنا اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی رابطہ کیا تھا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے خطے کی صورتِ حال، جنگ بندی اور اسلام آباد کی جانب سے امریکا ایران رابطوں کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی تھی۔ اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ، کہا خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری پیش رفت ناگزیر ہے۔ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتِ حال اور جنگ بندی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت سے علیحدہ علیحدہ رابطے کیے، ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورے میں ایران اور امریکا کے حکام کے درمیان کوئی میٹنگ طے نہیں ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ میں پبلک ڈپلومیسی سینٹر کے سربراہ اور ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں ایرانی وفد اپنے مشاہدات پاکستان کو فراہم کرے گا۔اسماعیل بقائی کا یہ کہنا ہے کہ امریکا کی مسلط جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور پر بات ہوگی۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ اس دورے میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوگی جس میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی سے متعلق امور پر گفتگو ہوگی۔

Check Also

امریکی فوج سے تعاون کے شبہے میں جہاز قبضے میں لیا ہے، پاسداران انقلاب

Share ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے ساتھ تعاون کے شبہے …