
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی کرکٹرز کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے فیملیز ساتھ رکھنے سے متعلق بورڈ سے رابطہ کیا، تاہم بورڈ نے واضح کر دیا کہ اسکواڈ کے اراکین فیملیز ساتھ نہیں رکھ سکتے۔بھارتی بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ کو جواب دیا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی فیملیز نہیں رہ سکتیں، اگر کھلاڑی چاہیں تو وہ اپنی فیملیز کے لیے الگ انتظامات کر سکتے ہیں. رپورٹس کے مطابق بھارتی اسکواڈ کو 45 روز سے زائد کے اوے ٹور پر زیادہ سے زیادہ 14 روز تک فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، تاہم موجودہ ایونٹ کے دوران یہ اجازت نہیں دی گئی۔بھارتی ٹیم گروپ مرحلے کے 3 میچز اپنے ہی ملک میں کھیلے گی، جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل باہمی سیریز کے دوران بھی کھلاڑیوں کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی بورڈ نے 2025ء میں دورۂ آسٹریلیا کے بعد فیملیز سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved