
امریکا کی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نائب صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کل ریاست پنسلوینیا میں منعقد ریلی میں کریں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق کملا ہیرس حال ہی میں چنے گئے اپنے نائب صدارتی امیدوار کے ساتھ فلاڈیلفیا میں منعقد ریلی میں شرکت کریں گی۔نائب صدارتی امیدوار کیلئے پنسلوینیا کے گورنر جوش شیپیرو، منی سوٹا کے ٹم والز، کینٹکی کے اینڈی بی شیئر، ایریزونا کے سینیٹر مارک کیلی اور وزیر آمدورفت پیٹ بوٹیجِج کے نام شامل ہیں۔کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ووٹرز سے کملا اور ان کے نائب کا خطاب ٹرمپ اور ان کے نائب کا فرق واضح تر کردے گا۔کملا اور ان کے نائب بعد میں وسکونسن، مشی گن، شمالی کیرولائنا، جارجیا، ایری زونا اور نیواڈا میں جلسے کریں گے۔