
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قومی ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کرلیا۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ضروری اضافی اقدامات کے حوالے سے حکمتِ عملی ترتیب دی جاسکے۔قومی ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت، چاروں صوبوں کے گورنر، وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز، وفاقی وزرا اور متعلقہ اداروں کے حکام بھی شرکت کریں گے۔چینی باشندوں پر حملوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتِ حال کے پیشِ نظر اجلاس میں چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کے لیے کیے جانے والی سیکیورٹی انتظامات کا بھرپور جائزہ لیا جائے تاکہ بے داغ سیکیورٹی انتظامات ممکن بنانا آسان ہو۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں وزیراعظم کے زیر صدارت پاکستان اورچین کے درمیان اہم جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ چینی باشندوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائےگی اور اس حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں رواں ماہ چین کے دورہ کے بعد وزیراعظم نے کہا تھاکہ دورے کے دوران سیکیورٹی کا معاملہ سب سے پہلے تھاخیال رہے کہ رواں برس مارچ میں خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں خود کش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایک مسافر گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں پانچ چینی پانچ انجیئنرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور مارے گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد سے ملک میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر غیرمعمولی اقدامات سامنے آرہے ہیں۔