حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات آج ادا کیا جارہا ہے

Share

بیس لاکھ سے زائد عازمین حج آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ’وقوفِ عرفات‘ ادا کریں گے۔گزشتہ شب منیٰ میں قیام کے بعد عازمین حج آج قافلوں میں صورت میں میدان عرفات پہنچ رہے ہیں۔ اُن کی آمد دن بھر جاری رہے گی۔ عرفات کے علاقے کی مسجدِ نمرہ میں حج کا خطبہ دیا جائے گا۔مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر حمد المعیقلی حج کا خطبہ دیں گے جسے اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔ اس موقع پر 20 لاکھ سے زائد عازمین حج ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی کے بعد پورے حجاز کی دوسری بڑی مسجد یعنی مسجد نمرہ میں حجاج کرام کے استقبال کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔مناسک حج کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا۔ سعودی حکومت نے اس موقع عازمین حج کے لیے تمام ممکنہ سہولتوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کا بھی غیر معمولی انتظام کیا ہے۔کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ تک بڑھنے کے ساتھ ہی سعودی حکام نے تمام عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ دھوپ اور گرمی سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال کریں اور پانی پیتے رہیں۔سعودی وزارتِ صحت نے حجاج کرام کی صحت کا خاص خیال رکھنے کی غرض سے 34,000 سے زائد ڈاکٹرز، نرسوں، دواسازوں اور انتظامی عملے کو متحرک کیا ہے۔سات ایئر ایمبولینسس اور 730 ایمبولینسس بھی دستیاب ہیں جو عازمین کو ضرورت پڑنے پر طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔