پاک فوج نے باکسر عامر خان کو ایک دن کیلئے کیپٹن کا عہدہ دے دیا

Share

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے باکسر عامر خان اور شاہ زیب رند نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق عامر خان اور شاہ زیب رند نے جی ایچ کیو میں جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے عامر خان اور شاہ زیب رند کی کھیلوں کے میدان میں شاندار کامیابیوں کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے دونوں کی شاندار صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔پاک فوج نے باکسر عامر خان کو ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور آگے بڑھنے کی لگن موجود ہے، کھیلوں میں نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا، پاک فوج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی، اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے۔عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹی ہیں، انہوں نے 2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا۔باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں، پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔باکسر عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے، میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں، ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی، ہم پاکستان میں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں، میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کے جوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے۔