
قومی ادارہ صحت کو بھارت سے62 لاکھ مچھر دانیاں خریدنے کی اجازت مل گئی ہے، یہ اجازت ایک بار کی خریداری کیلئے ہے، خریدی جانے والی مچھر دانیاں نومبر کے وسط تک پاکستان آجائیں گی
۔وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک کے 32 سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملیریا نے تباہی مچائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملیریا کے ہزاروں کیسز سامنے آرہے ہیں، ان کیسز میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، ملیریا میں مبتلا بچوں کے علاج میں شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں مچھروں کی افزائش کے باعث ملیریا سب سے بڑا عوامی مسئلہ صحت بن کرسامنے آیا ہے،سیلاب زدہ علاقوں میں رہنےوالے لوگوں خصوصا بچوں اور خواتین کو ملیریا جیسی موذی مرض سے بچانے کیلئے مچھر دانیوں کی اشد ضرورت ہے، جو کہ فوری طور پر بھارت سے دستیاب کی جاسکتی ہیں۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے وزارت صحت کو بھارت سے مچھر دانیاں خریدنے کی اجازت دیدی ہے، مچھر دانیاں خریدنے کیلئے فنڈز عالمی ادارہ گلوبل فنڈز فراہم کرے گا، کوشش ہے کہ جلد سےجلد یہ مچھردانیاں پاکستان پہنچ جائیں تاکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو ملیریا سے بچایا جاسکے