
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ابراہیمی رئیسی نے پودا بھی لگایا۔آویئرانٹرنیشنل رپورٹنگ ٹیم کے مطابق اسلام آباد آمد کے بعد ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو خوش آمدید کہا ، دونوں رہنماؤں نے مسکراہٹ اور گرمی جوشی کے ساتھ ملاقات کی۔وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وفاقی وزرا سے تعارف کرایا گیا ، انھوں نے یوم ارض کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان بھی موجود تھے۔صدر رئیسی اور وزیرخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کےفروغ پراتفاق کیا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان علاقائی اور عالمی امن و سلامتی پر گفتگو کی گئی۔واضح رہے کہ ایرانی صدر 24 اپریل تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ رواں برس فروری میں عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے، جس میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر اراکین سمیت اعلیٰ حکام کے علاوہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہے۔گورنر پنجاب کی جانب سے ایرانی صدر کو ظہرانہ دیا جائے گا، جس کے بعد منگل کو ہی ایرانی صدر کراچی پہنچیں گے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقاتیں کریں گے۔ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے، بدھ کے روز مہمان صدر واپس تہران روانہ ہو جائیں گے۔