
بحیرہ احمرمیں حوثیوں نے امریکی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، امریکی فوج نے اس کی تصدیق کر دی۔امریکی فوج کے مطابق یمن سے داغا گیا اینٹی شپ بیلسٹک میزائل حملہ امریکی ملکیت کے مارشل آئی لینڈز جھنڈا بردار جہاز پر ہوا۔میزائل حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، جہاز کو بھی زیادہ نقصان نہیں پہنچا، حملے کے بعد بحری جہاز اپنی منزل کی طرف رواں ہے۔، دوسری جانب گزشتہ ہفتے صومالیہ کےقریب خلیج عدن میں لاپتہ ہونے والے دو امریکی فوجی یمن جانے والے ایرانی مشتبہ جہاز کی تلاشی کے دوران سمندر میں گرے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کےمطابق دونوں امریکی فوجی مشتبہ ایرانی جہاز کی تلاشی کے آپریشن پر مامور تھے۔ایک فوجی جہاز پر چڑھنے کے دوران سمندر میں گرا، جبکہ دوسرا اسے بچانے کیلئے سمندر میں کودا، دونوں امریکی فوجیوں کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا دیگر امریکی فوجی اہلکار کامیابی سے جہاز پر سوار ہوئے، اگر ایسا ہے تو جہاز پر کوئی ایرانی ساختہ ہتھیار موجود تھے۔امریکی قومی سلامتی کےترجمان جان کربی نے خلیج عدن میں آپریشن کو یمن میں ایران کے ہتھیاروں کی ترسیل کو روکنے کے لیے امریکی فوج کے جاری کام کا حصہ قرار دیا ہے