
جاپان میں زلزلے کے دوران ملبے تلے پھنسی ایک 90 سالہ خاتون کو 5 دن بعد زندہ نکال لیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے شہر سوزو میں زلزلہ آنے کے 5 دن بعد ایک 90 سالہ خاتون زندہ مل گئیں جوکہ اپنے گھر کی پہلی اور دوسری منزل کے درمیان ایک تنگ جگہ میں پھنس گئی تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم اُنہیں زخمی ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔اس حوالے سے خاتون کو ملبے سے نکالنے والی ایمرجنسی ریسکیو ٹیم کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اس بات کے بہت کم امکانات ہوتے ہیں کہ 5 دن تک ملبے تلے دبا رہنے والا انسان زندہ بچ جائے۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایمرجنسی ریسکیو ٹیم کو جہاں ملبے تلے دبی ہوئی یہ 90 سالہ خاتون زندہ ملیں، وہیں قریب سے ایک 40 سالہ خاتون بھی ملیں جو دل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔اس حوالے سے جاپانی تنظیم ’پیس ونڈز جاپان‘ کے ممبر ڈاکٹر انابا موٹوکا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر کوئی شخص ایسی جگہ پر پھنس جائے جہاں کا موسم گرم یعنی انسانی جسم کے لیے سازگار ہو اور اسے پانی تک رسائی حاصل ہو تو اس کے 72 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی زندہ رہنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ یکم جنوری کو وسطی جاپان میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا جس نے جاپان کے ساحلی علاقے کو نا صرف ہلا کر رکھ دیا بلکہ سونامی کے خطرے کو بھی بڑھا دیا۔زلزلے کے نتیجے میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 126 ہوگئی ہے جبکہ 200 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق زلزلے سے ہونے والےنقصان کا حتمی تخمینہ ابھی نہیں لگایا جاسکا