
بھارتی فراڈیے سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے خلاف نئے حقائق سامنے لانے کا اعلان کردیا۔چندرشیکھر شواہد سامنے لانے کا فیصلہ جیکولین فرنینڈس کے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کے اگلے ہی دن کیا ہے اور کہا کہ دنیا کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ پورا سچ جان لے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکارہ نے 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس کے مجرم چندرشیکھر سے تحفظ کےلیے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کیا، اپنے تحفظ کی درخواست دائر کی اور ساتھ ہی خود پر عائد الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔تازہ خط میں چندرشیکھر نے اداکارہ کے خلاف نئے ہوشربا شواہد ظاہر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ایسے شواہد سامنے لائیں گے جو اب تک پیش نہیں کیے گئے۔انہوں نے اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ اب تک کی تحقیقات جانبدارانہ تھی کیونکہ ایک شخص کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جارہا تھا۔منی لانڈرنگ کیس کے مجرم نے مزید کہا کہ اب اُس شخص کی حقیقت سامنے لانے کےلیے تمام ثبوت پیش کریں گے، جس میں اسکرین شاٹس، ریکارڈنگ اور چیٹ شامل ہے۔چندرشیکھر نے یہ بھی کہا کہ اب چونکہ اُس شخص نے مجھے شیطان بناکر پیش کردیا ہے تو ضروری ہوگیا ہے حقیقت بالکل بے نقاب کی جائے کیونکہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔اُن کا کہنا تھا کہ اب وہ قانون کے مطابق ہر چیز کو بے نقاب کرنے کی کوشش کریں گے، ضروری ہوگیا ہے کہ دنیا حقیقت جان سکے۔سوکیش کے وکیل نے تصدیق کی کہ اپنے خط میں اُن کے موکل نے اداکارہ کا حوالہ دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سوکیش نئے شواہد میں اداکارہ کےلیے کیے گئے مالیاتی لین دین بھی دکھائیں گے