
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پشاور کے علاقے رانڑو گڑھی میں پولنگ سینٹر قائم کیا گیا، پریزائیڈنگ آفیسر خیبرپختونخوا علی زمان سینٹر میں موجود تھے۔تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن آج پشاور میں ہوئے جس کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 11 بجے شروع ہوا تھا، پارٹی چیئرمین کا انتخاب رانو گھڑی نزد پشاور ٹول پلازہ تحصیل چمکنی ڈسٹرکٹ پشاور میں ہوا۔اس انتخاب میں عمران خان کے وکیل اور پارٹی رہنما بیرسٹر گوہرعلی خان کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے جب کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، مرکزی صدر، جنرل سیکرٹری سمیت صوبائی قیادت کا بھی چناؤ ہوا۔پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق بیرسٹر گوہر خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہوگئے جب کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری ہوں گے۔سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹرگوہرخان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع بونیرسے ہے، انہوں نے برطانیہ کی والورہیپمٹن یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور امریکا کے واشنگٹن سول آف لاء سے ایل ایل ایم کر رکھا ہے۔اعتزاز احسن کی براہ راست نگرانی میں وکالت کا تجربہ رکھنے والے بیرسٹرگوہر گزشتہ ایک سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل ہیں۔نتائج کے مطابق یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب، حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ ، علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا اور منیر احمد بلوچستان کے صدر ہوں گے۔