
نیاگرا آبشار کے قریب رینبو برج پر ایک گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں 2 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکا اور کینیڈا کے درمیان سرحدی گزرگاہیں بند کردی گئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق 2 لوگ دھماکے میں جاں بحق ہوگئے، متاثرین کی شناخت واضح نہیں، حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا مگر گورنر نیو یارک کیتھی ہوچول کا کہنا تھا کہ پولیس، ایف بی آئی ریاست کے تمام داخلی پوانٹس کی جانچ کر رہی ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ کار میں دو لوگ سوار تھے جو ایک بارڈر چیک پوائنٹ سے گزری جہاں اسے سیکنڈری چیک کے لیے روکا گیا۔ذرائع کے مطابق گاڑی کی رفتار تیز ہوگئی اور وہ ایک بیریئر سے ٹکرا کر پھٹ گئی، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ دھماکا کسی ڈیوائس کی وجہ سے ہوا۔گورنر نیویارک نے ویب سائٹ پر پوسٹ کیا کہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی عملے سے ملنے کے لیے بفیلو کا سفر کر رہا ہوں اور مزید معلومات دستیاب ہونے پر نیو یارک کے لوگوں کو اپ ڈیٹ کروں گا۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ گاڑی میں دھماکا ’انتہائی سنگین صورتحال‘کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے ہاؤس آف کامنز کو بتایا کہ نیاگرا فالز کے قریب صورتحال انتہائی سنگین ہے، رینبو برج کراسنگ پر گاڑی میں دھماکا ہوا ہے۔عینی شاہدین نے زوردار دھماکے کی آواز سنی اور معائنہ اسٹیشن کے قریب دھوئیں کے بڑے بادل کو دیکھا۔یوکرین سے آنے والے ایک سیاح نے نیاگرا گزٹ کو بتایا کہ وہ اور ایک دوست امریکا کی حدود میں ایک قریبی دکان پر تھے جب انہوں نے ایک کار کو پارکنگ سے باہر نکلتے ہوئے پل کی طرف جاتے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ ٹوٹنے کی آواز سنی، ہم نے آگ اور بہت سیاہ دھواں دیکھا، ایک عہدیدار نے بتایا کہ دریائے نیاگرا پر دونوں ممالک کو ملانے والے چاروں پل بند کر دیے گئے ہیں۔