
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 44 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم ناکامی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں سفر ختم ہو گیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان یہ محض روایتی میچ ہے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 13.3 اوورز میں 82 رنز تک پہنچایا جس کے بعد انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی۔افتخار احمد نے پاکستان کے لیے پہلی وکٹ حاصل کی، ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی دوسری وکٹ 18.2 اوورز میں 108 رنز پر گری جب حارث رؤف کی گیند پر جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس اور جو روٹ کے درمیان 132 رنز کی پارٹنرشپ نے انگلینڈ کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کردیا۔انگلینڈ کو تیسرا نقصان بین اسٹوکس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب 84 رنز بنانے والے اسٹوکس کو 240 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے 41 ویں اوور کی پہلی گیند پر بولڈ کردیا، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔اس کے بعد پاکستانی بولرز نے وکٹیں لینے کا سلسلہ تو شروع کیا تاہم دوسری جانب اپنی وکٹوں گنوانے سے قبل انگلش بیٹرز رنز بھی بٹور کر جاتے رہے۔ مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئےہیری بروک 30، جوز بٹلر 27، ڈیوڈ ولی 15 اور معین علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کرس ووکس 4 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔اور یوں انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور پاکستان کے لیے 338 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں لیں جبکہ محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے 2، 2 اور افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر اور حارث رؤف شامل ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔رواں ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم نے انتہائی مایوس کُن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 08 میچز میں سے صرف 02 میچز جبکہ گرین شرٹس نے 08 میں سے 04 میچز جیتے ہیں