لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 فوجی شہید، 3 دہشتگرد ہلاک

Share

ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایادوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے دہشت گردوں سے مقابلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقدیر کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔مرتضیٰ سولنگی نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کے لئے جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، شہداء نے اپنے خون سے بہادری اور جرات کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔محسن نقوی نے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر نے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے، شہید لیفٹیننٹ کرنل حسن حیدر اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، پوری قوم شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم یکسو ہے، شہداء کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کی طاقت سے پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا ناپاک بوجھ اتار پھینکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar