
لاہور : ستوکتلہ سے اغوا کیا جانے والے طالب علم کو شیخوپورہ سے بازیاب کرالیا گیا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے علاقے ستوکتلہ سے اغوا کیا جانے والے طالب علم کو شیخوپورہ سے بازیاب کرالیا اور موقع سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔گذشتہ روز مسلح افراد دن دیہاڑے طالب علم ارحم کو اس کے کالج کے سامنے سے زبردستی کار میں بٹھا کر لے گئے تھے، اغوا کاروں نے واردات کے دوران طالب علم پر تشدد بھی کیا تھا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی ، جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ سترہ سالہ ارحم بائیک پر بیٹھ کر اپنے دوست سے باتیں کر رہا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار نے ٹکر مار دی، پھر دیگر ملزمان آئے اور نوجوان کو گاڑی میں ڈالنے کی زبردستی کوشش کی۔مزاحمت پر ارحم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، کھینچا تانی کی گئی، پھر کنپٹی پر پستول رکھ کر بھی دھمکایا گیا اور کافی زور آزمائی کے بعد ملزمان مغوی کو گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے۔مغوی کے کزن نے بتایا کہ ان کے تایا کو دوہزار سترہ میں مصطفی کھوکھر نامی شخص نے قتل کیا، مقدمہ کی پیروی کرنے پر ملزمان سے دشمنی چل رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ نوجوان ارحم کو واردات کے گیارہ گھنٹے گزرنے کے بعد بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔