
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل کی پہلی سماعت پر ہی کیس میں التوا مانگ لیا، اور استدعا کی کہ کیس کی سماعت چھ نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جاری ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ آج پہلی سماعت کررہا ہے، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال خان، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہیں۔کیس کی سماعت شروع ہونے سے قبل ہی وفاقی حکومت نےانٹراکورٹ اپیل کی پہلی سماعت پر کیس میں التوا مانگ لیا اور درخواست دائر کردی۔وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے مؤقف اختیار کیا میں بیرون ملک ہیں، اور 3 نومبر تک عدالتی رخصت پر ہوں، 28 اکتوبر کو نیب اپیل کے سماعت کیلئے مقرر ہونے کا پتہ چلا، سماعت 6 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کی جائے۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا، اور فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے انٹراکورٹ اپیل دائرکی گئی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے مقدمے کے وکلا کو نوٹسز جاری کیے تھے، اور آج اس اپیل پر پہلی سماعت تھی۔