
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد حفاظتی انتظامات کے پیش نظر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ آج ملک بھر میں پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے۔خیبر پختونخوا میں آج سے ہفتے تک اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ صوبے میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی 13 مئی تک ملتوی کردیے گئے ہیں۔لاہور کے تمام سرکاری اسکول بھی آج بند رہیں گے جب کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے تحت نویں جماعت کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کی کمیٹی نے پنجاب بھر میں آج کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب صورتحال کے پیش نظر برٹش کونسل نے بھی آج 10 مئی کو ہونے والے امتحانات منسوخ کردیے ہیں اور فیڈرل بورڈ کے زیر اہتمام آج مطالعہ پاکستان کا پرچہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ادھر کراچی ،حیدرآباد اور شہیدبے نظیرآباد میں آج میٹرک کے امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے۔علاوہ ازیں کوئٹہ کی سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی آج بند رہے گی۔