
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے ملک کے کشیدہ سیاسی حالات کے پیش نظر میں وزیر اعظم شہباز شریف کو نیشنل ڈائیلاگ شروع کرنے کی تجویز دے دی۔بزرگ سیاستدان چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی حالات بہت زیادہ پیچیدہ ہیں، سیاستدان آگ پر تیل نہ ڈالیں، ملک جلاؤ، گھیراوٴ کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض قومی رہنماؤں کے پاس جانے کیلئے تیار ہوں، تمام قوتیں مل بیٹھ کر پاکستان کا سوچیں، 50 سال سیاسی سفر کے ہو گئے، ملک کے اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے۔چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزام تراشی کا نہیں، نیشنل ڈائیلاگ وقت کی ضرورت بن چکا ہے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ قومی ڈائیلاگ کا آغاز کرے، تمام سیاسی رہنماؤں کو اکٹھا کرے، ملکی حالات میں اتحاد وقت کی ضرورت بن چکا ہے، تمام سیاسی رہنماؤں کو اس بارے سوچنا ہو گا۔