لاہور کراچی، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں یوم عاشور کے جلوس اختتام پذیر

Share

لاہور ،کراچی، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عاشورہ کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی، متعدد شہروں میں فون سروس معطل رہی ۔لاہورمیں نثارحویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستے سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔جلوس میں شریک ہزاروں عزاداروں نےحضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔جلوس کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ، خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے گامے شاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا معائنہ کیا۔تین درجاتی سیکیورٹی کےساتھ ساتھ عزاداروں کیلیے ٹھنڈے پانی سمیت دیگر انتظامات بھی کیے گئے تھے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم ،سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے بھی کنٹرول روم اور جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔یومِ عاشور پر پنجاب میں تین درجاتی سیکیورٹی ماڈل کے تحت ہائی الرٹ نافذ رہا۔ اے آئی ٹیکنالوجی، ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی گئی۔ عزداروں اور شہریوں نے پنجاب حکومت کے انتظامت کو بہترین قرار دیا۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ۔ جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر سیل رکھے گئے جبکہ جلوس کی گزر گاہوں اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مرکزی مجلس عزا سے خطاب کیا ۔ کہا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء نے میدان کربلا میں دین اسلام کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کیا ۔ مجلس کے بعد بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد ہوا ۔ عزادار نوحہ خوانی ۔ سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے ۔ علم و ذوالجناح کا جلوس ایم اے جناح روڈ پہنچا اور شرکا نے تبت سینٹر کے مقام پر مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی ۔ جلوس کے راستے میں عزاداروں کیلئے پانی اور شربت کی سبیلیں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔ مرکزی جلوس ریڈیو پاکستان ۔ جامع کلاتھ ۔ لائٹ ہاؤس ۔ بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ جلوس کے راستے اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہی۔پیرمحل میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر ابی طالب میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔میاں چنوں یوم عاشورکامرکزی ماتمی جلوس کربلاپیرمنوں شریف پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا، شبیہہ ذوالجناح کےمرکزی جلوس کےلائسنس دارمحمود اصغر شاہ نےتمام اداروں کاشکریہ اداکیا، مرکزی ماتمی جلوس کے اختتام پر بالائی منزل القائم پلازہ میں شام غریباں کی مجلس عزا شروع ہو گئی۔ تحصیل میاں چنوں بھر عاشورہ کے ایک درجن سے زائد ماتمی جلوس برآمد ہوئے تھے، چند جلوسوں کے سوا تمام ماتمی جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔میلسی عاستانہ خادم شاہ سےبرآمد ہونے والا یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس دربارہ بابا نتھے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہو گیا۔ انجمن حسینہ سےبرآمد ہونے والا ذوالجناح کا جلوس اپنےروایتی راستوں سے ہوتا ہوا پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ٹبہ سلطان پور، دوکوثہ، گڑھاموڑاورچک ڈںلیوبی سےبرآمد ہونے والے ماتمی جلوس اختتام پزیرہوگئے۔کبیروالا یومِ عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ بھٹیانوالہ میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا، مرکزی جلوس صبح8بجےککڑ ہٹہ روڈ سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا، یومِ عاشورہ پر تحصیل بھر میں عزاداری کے 36 جلوس برآمد کیے گئے۔چنیوٹ میں مرکزی جلوس اپنے راستوں کی جانب رواں دواں ہےجھنگ سٹی میں تعزیہ کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ قدیم میں اختتام پذیر ہوگئے ، 100 من وزنی 8 سنہری تعزیے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے میدان ترکھاناں پہنچ گئے، 35 جلوس علم و ذوالجناح مرکزی جلوس میں شامل ہوکر میدان ترکھاناں پہنچے، 72 تابوتوں پر مشتمل رجوعہ کا مرکزی جلوس میدان کربلا پہنچ گیا ، رجوعہ کے جلوس میں 65 شبیہ علم اور 14 شبیہ ذوالجناح شامل ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ ڈرون کیمروں سے اجتماعات کی کڑی نگرانی جاری ہے۔حیدرآباد یوم عاشورکامرکزی ماتمی جلوس کربلا دادن شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگیا، مرکزی ماتمی جلوس صبح قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا تھا، جلوس میں ہزاروں عزادار شریک تھے۔لکی مروت/یوم عاشور جلوس یوم عاشور کا ماتمی جلوس بخاری شاہ میں اختتام پذیر ہو گیا، جلوس آج صبح محلہ سیداں سے برآمد ہوا تھا، جلوس کے دوران سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی تھی، تمام متعلقہ محکموں ریسکیو 1122،محکمہ صحت،ٹی ایم اے،پیسکو وغیرہ کے اہلکار بھی ڈیوٹی پر تھے۔

Check Also

ہسپر ہوپر گلیشیئر پگھلنے کے باعث دریا کے بہاؤ میں اضافہ، الرٹ جاری

Share نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے ہسپر ہوپر گلیشیئر کے پگھلنے کے …