کوئٹہ میں وکیل عبدالرزاق کے قتل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، مشیر وزیراعظم کا اعلان

Share

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل کے قتل کے ذمے دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وکیل عبدالرزاق کے قتل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، کوئٹہ میں وکیل عبدالرزاق شر کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے، جو بار کے سرگرم رکن تھے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایک کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا، پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کل سنگین غداری کے کیس کی سماعت ہونی تھی، کیس کے وکیل اور درخواست گزار کو آج ٹارگٹ کلنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، عبدالرزاق کے قتل کے ذمے دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں، کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا، قتل کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی اگر جیل میں ہوتے تو آج یہ واقعہ نہ ہوتا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ اور دیگر کیسز میں سٹے دیا گیا، یہ 9 مئی کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب ہم انہیں سٹے آرڈر کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں ایئر پورٹ روڈ پر فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے