ٹیکس نادہندگان کی معلومات دینے والوں کی انعامی رقم 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 کروڑ کرنے کی سفارش

Share

چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو عائشہ فاروق نے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن کو خط لکھ کر ٹیکس نادہند گان کی معلومات دینے والوں کی انعامی رقم 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 کروڑ کرنے کی سفارش کردی۔چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو عائشہ فاروق نے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن لکھے خط میں کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان یا کم ٹیکس دینے کی معلومات دینے والوں کی رازداری کو یقینی بنانا ہوگا، معلومات دینے والوں کو قانونی تحفظ ملنا چاہیےخط کے متن میں کہا گیا کہ انکم ٹیکس گوشواروں میں افسانہ لکھا جا رہا ہے، لوگ محل نما گھروں میں 24 گھنٹے ایئرکنڈیشن سے لطف اندوز ہوتے، قیمتی گاڑیاں چلاتے، برانڈڈ کپڑے پہنتے ہیں، امیر لوگوں کے انکم ٹیکس گوشوارے ان کے طرزِ زندگی کی عکاسی نہیں کرتے، ٹیکس دہندگان خود کار تشخیص کی سہولت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔چیف کمشنر آئی آر کا کہنا ہے کہ امیروں کے رشتے داروں، پڑوسیوں، دفتر کے ساتھیوں کو سب پتا ہوتا ہے، منشی، ملازمین، گھریلو معاونین اور ڈرائیورز مالکان کے طرزِ زندگی سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں، ان افراد کو رازداری کی یقین دہانی اور اچھا انعام معلومات فراہم کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے، 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم کم ہے، اسے بڑھا کر 15 کروڑ کیا جائے