لاہور کے نجی کالج واقعہ کی غلط خبر پھیلانے کا کیس : خود کو طالبہ کی ماں ظاہر کرنیوالی خاتون گرفتار

Share

لاہور کے نجی کالج واقعہ کی غلط خبر سوشل میڈیا پر پھیلانے کے کیس میں سوشل میڈیا پر خود کو طالبہ کی ماں ظاہر کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عمران کشور کے مطابق سوشل میڈیا پر خود کو طالبہ کی والدہ ظاہر کرنے والی خاتون سارہ خان کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جہاں خاتون عبوری ضمانت کےلیے آئی تھی، خاتون کی طرف سے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں چلانے اور خود کو طالبہ کی والدہ ظاہر کرنے پر گلبرگ پولیس نے پیکا ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ملزمہ سارہ کا تعلق کراچی سے ہے، اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر غیر مصدقہ خبر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طلبہ نے احتجاج کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔بعد ازاں تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے مطابق کالج میں لڑکی سے زیادتی کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی مبینہ زیادتی کا کوئی عینی شاہد ملا ہے، کمیٹی نے 28 کے قریب طلبہ اور طالبات کے انٹرویو کیے جس میں طلبہ اور طالبات نے بیان میں ادھر ادھر سے سننا بتایا۔کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ معاملے کو سوشل میڈیا پر پوسٹوں کے ذریعے اچھالا گیا۔