طیفی بٹ کا بیٹا لاہور انڈر ورلڈ کا نیا سربراہ مقرر

Share

لاہور گینگ وار میں ایک نیا موڑ آگیا ہے اور سی سی ڈی کے ہاتھوں ہلاک کر دئیے جانے والے لاہور کے معروف انڈر ورلڈ سربراہ خواجہ تعریف گلشن المعروف طیفی بٹ کے بیٹے خواجہ تعظیم گلشن کو لاہور گینگ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، تغطیم گلشن پہلی بار منظر عام پر آئے ہیں جن کے چناؤ کی تقریب طیفی بٹ کی رہائش گاہ نصیر آباد گلبرگ لاہور میں منعقد کی گئی، اس تقریب میں لاہور کی تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی، طیفی بٹ کے جان کو اکبری منڈی لاہور کا صدر بنایا گیا ہے جہاں طیفی بٹ تاحیات صدر تھے، واضح رہے کہ 10اکتوبر 2025ء کو پولیس بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کر کے واپس پاکستان لائی تو رحیم یار خان کے قریب طیفی بٹ اپنے ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔سی سی ڈی پنجاب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ 10 اکتوبر جمعے کی دوپہر کو جب پولیس طیفی بٹ کو لے کر دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی تو سی سی ڈی کی ٹیم نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا اور لاہور روانہ ہو گئی۔بیان کے مطابق طیفی بٹ کو بالاج کیس کی تفتیش کے لیے لاہور لایا جا رہا تھا کہ رحیم یار خان میں ان کے اپنے ساتھیوں نے پولیس سے چھڑوانے کی کوشش کی اور فائرنگ کے دوران طیفی بٹ ہلاک ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دو افراد نے فائرنگ کی اور اس کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ لاش کو قبضے میں لے کر کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ رحیم یار خان کے نواحی علاقے احمد پور لمہ میں پیش آیا۔