سہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان مکمل

Share

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی پلان مکمل کر لیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی، رینجرز اور ایوی ایشن اثاثے طلب کر لیے ہیں۔بیان کے مطابق، لاہور اور راولپنڈی میں میچز کے دوران پولیس کے ساتھ پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے تعینات کیے جائیں گے تاکہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔لاہور میں آرمی اور رینجرز کی ایک، ایک کمپنی خدمات انجام دے گی۔راولپنڈی میں آرمی اور رینجرز کی تین، تین کمپنیاں تعینات ہوں گی۔لاہور میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی فضائی نگرانی کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔فوج اور رینجرز کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان کے مطابق، سیریز کے میچز 11 نومبر سے 27 نومبر تک لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں، جبکہ سکیورٹی دستوں کی خدمات 8 نومبر سے 30 نومبر تک حاصل کی جائیں گی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو تعیناتی کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ٹیموں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔