اقوام متحدہ کے بعد امریکا نے شامی صدر احمد الشرع پر پابندیاں ختم کر دیں

Share

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بعد امریکا نے شامی صدر احمد الشرع پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق امریکا نے احمد الشرع اور شام کے وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد سپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ کی حیثیت ختم کر دی ہے، احمد الشرع آئندہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے دو روز قبل امریکا کی پیش کردہ قرارداد کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے احمد الشرع پر سے پابندیاں اٹھانے کی منظوری دی تھی۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام زیادہ تر علامتی نوعیت کا ہے، کیونکہ احمد الشرع کو ہر بار بیرونِ ملک دورے کے لیے استثنیٰ دیا جاتا رہا ہے، اب ان پر سے اثاثوں کے منجمد کیے جانے اور اسلحے کی پابندی بھی ختم کر دی جائے گی، احمد الشرع ماضی میں القاعدہ سے منسلک رہ چکے ہیں، تاہم ان کے گروپ حیات تحریر الشام کو واشنگٹن نے جولائی میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔دمشق کے مطابق شامی صدر اپنے دورۂ واشنگٹن کے دوران باقی ماندہ پابندیوں کے خاتمے، تعمیرِ نو اور انسدادِ دہشت گردی کے امور پر بات چیت کریں گے۔