کوہ سلیمان رینج میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ، کئی گاڑیاں پھنس گئیں، اموات کی تعداد 6 ہوگئی

Share

مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی۔مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن پر کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دانہ سر کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے، بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔پی ڈی ایم اے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور پنڈی سے آنے والی ٹرانسپورٹ ڈی آئی خان پر روکنے کی ہدایات کی ہے، ژوب اور قلعہ سیف اللّٰہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو و ریلیف کے لیے ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشیں ہوئی ہیں جبکہ سیڈ ندی میں طغیانی کے باعث آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا، وہلی ندی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی، موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے، شہر میں تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیشگوئی کردی، کوٹ لکھپت میں کرنٹ لگنے سے 6 بچے زخمی ہوئے، بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق تین زخمی ہوگئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی شدید گرم رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، بالائی سندھ اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔