ٹانک پولیس لائنز پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید

Share

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں صبح سویرے پولیس لائنز پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کے حملے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر گوہر زمان سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے، جب کہ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا۔حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس لائن میں داخل ہوتے ہی چار دستی بم پھینکے، اور ایک خودکش حملہ اور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، خودکش دھماکے سے پولیس لائن کی چھت پر موجود دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید حملہ آوروں کی پولیس لائن میں داخلے کی اطلاع ہے، سیکیورٹی فورسز نے ٹانک ڈیرہ شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کردی ہے، اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔خیال رہے کہ 12 دسمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک سیکورٹی چیک پوسٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور ناکامی پر بارود بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی تھی۔دہشت گردی کارروائی کے نتیجے میں عمارت گرنے سے 23 فوجی شہید ہوگئے اور جھڑپ میں 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔