شہید پولیس کانسٹیبل کے مقدمے میں عمران خان اور دیگر نامزد

Share

راولپنڈی میں ہکلہ انٹرچینج کے قریب پولیس کانسٹیبل کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا ہے جس میں بانیٔ پی ٹی آئی، عمر امین گنڈاپور، سالار خان کاکڑ اور شاید خٹک نامزد ہیں۔مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت 14 دفعات شامل ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق حملہ آور ملزمان ٹیئر گیس گن، ربڑ بلٹس گنز اور اسلحہ سے لیس تھے، ملزمان نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا، ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی، ملزمان کی شیلنگ کے باعث پولیس منتشر ہوئی، ملزمان نے کانسٹیبل مبشر حسن کو زخمی کیا اور لال وین میں اغوا کر کے لے گئے۔اس حوالے سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے حملے میں کانسٹیبل عدنان، ریئس اور نعیم بھی زخمی ہوئے، بعد میں اطلاع ملی ملزمان کانسٹیبل مبشر حسن کو ہکلہ پل کے نیچے پھینک کر فرار ہوگئے۔ایف آئی آر کے مطابق کانسٹیبل مبشر حسن کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا