سینیٹ کمیٹی میں بھکاریوں سے متعلق سزاؤں میں اضافے کا بل منظور

Share

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگرنٹس اور بھکاریوں کے حوالے سے سزاؤں میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔سینیٹر فیصل سلیم کی صدرات میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگرنٹس بل پیش کیا گیا۔سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ انسانی سمگلنگ بہت زیادہ ہو گئی ہے اس حوالے سے یہ بل اہم ہے، بل میں کنوکشن اور سزاؤں کے حوالے سے اقدامات کا کہا گیا ہے۔سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سزائیں بڑھانے کا مقصد یہ ہے کہ ملزمان کی ضمانتیں جلد نہ ہو سکیں، اس بل کو پاس کر دینا چاہیے، سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا کہ پہلے اس میں سب سے زیادہ سزا 7 سال تھی اب اس کو 10سال تک بڑھایا جائے گا۔کمیٹی کی جانب سے بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اس کے بعد بھکاریوں کے حوالے سے سزاوں میں اضافہ کرنے کے حوالے سے بل بھی کمیٹی میں پیش کیا گیا۔وزارت قانون نے کہا کہ بل میں بھکاریوں کی معاونت کرنے والوں اور سہولت کاروں کی سزاؤں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، اب بھکاریوں کے سہولت کاری کرنے والوں اور بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کو 10 سال سزا ہوگی۔کمیٹی نے بھکاریوں کے حوالے سے بل کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا۔