
مغربی ہان سلطنت (217 تا 168 قبل مسیح) کی ایک معزز خاتون زن ژوئی (Xin Zhui)، جنہیں لیڈی دائی یا مارکیز آف دائی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی انتہائی محفوظ لاش نے دنیا بھر کے ماہرین کو حیران کر رکھا ہے۔1968ء میں، چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگ شا میں ایک اسپتال کے قریب زیرِ زمین بنائی جانے والی پناہ گاہ کی کھدائی کے دوران مزدوروں نے تین قدیم قبریں دریافت کیں ان میں سے ایک لیڈی دائی کی تھی، جبکہ باقی دو قبریں ان کے شوہر لی سانگ اور ممکنہ طور پر بیٹے کی تھیں۔ بعد ازاں 1972ء میں 1500ء طلباء کی مدد سے ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے بڑے پیمانے پر کھدائی شروع کی۔زن ژوئی کی قبر میں چار تابوت ایک دوسرے کے اندر رکھے گئے تھے، جن پر زندگی، موت، اور ابدی نجات کی علامتیں بنی ہوئی تھیں۔ سب سے اندرونی تابوت کے اوپر ایک رنگین ریشمی بینر بھی ملا، جس پر آسمان، سورج، چاند اور دیوتاؤں کی تصویریں تھیں جو ابدی زندگی اور روح کے آسمان کی طرف سفر کی علامت مانی جاتی ہیں۔زن ژوئی کا جسم ایک نامعلوم مائع میں محفوظ تھا۔ ان کی جلد نرم، جوڑ لچکدار، اور خون کی رگیں سلامت تھیں۔ بال، پلکیں، اور حتیٰ کہ کان کا پردہ بھی محفوظ حالت میں ملا۔ ڈاکٹروں نے 1972ء میں ان کا مکمل پوسٹ مارٹم کیا، جس سے ان کی خوراک، طرزِ زندگی اور بیماریوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔قبر سے 1400 سے زائد نوادرات برآمد ہوئے جن میں 100 ریشمی لباس، 182 قیمتی لاکروے برتن، 162 لکڑی کے مجسمے، میک اپ کا سامان، اور دیگر اشیاء شامل تھیں جو اس بات کی علامت تھیں کہ اُس دور میں مرنے والوں کے لیے بعد از مرگ دنیا کی زندگی پر پختہ یقین رکھا جاتا تھا۔آج لیڈی دائی کا جسم اور تمام آثار ہونان میوزیم میں محفوظ ہیں، جہاں وہ چین کی قدیم تہذیب، سائنس اور تدفین کے حیرت انگیز نمونے کے طور پر موجود ہیں۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2025, All Rights Reserved