انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار، دوران تفتیشن سنسنی خیز انکشافات

Share

کراچی کے علاقے لیاری سے انتہائی مطلوب کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم نے دوران تفتیشن سنسنی خیز انکشافات کردیے۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت معراج عرف ماما کے نام سے ہوئی ہے، ملزم معراج دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کے لیے ریکی کرتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ حساس اداروں کی انفارمیشن بی ایل اے کو دیتا تھا، ملزم معراج بی ایل اے کے کمانڈر جلال کو تمام تر معلومات دیتا تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ کا مزید کہنا تھا کہ معراج ماما کی ریکی اور معلومات پر بی ایل اے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرتی، گرفتار بی ایل اے دہشت گرد نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم معراج نے 2017 میں تربت سے گوادر مند کی طرف جانے والی فوجی جوانوں کی گاڑی کی ریکی کی، ملزم کی ریکی پر بی ایل اے نے جوانوں پر حملہ کرکے شہید کر دیا تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق بی ایل اے کے دہشت گرد تنظیم مجید برگیڈ گروپ سے تھا، اس کے علاوہ ملزم نے بلوچستان ناصر آباد میں اسکول میں موجود فوجی کیمپ کی ریکی کروائی۔اسد رضا نے بتایا کہ ریکی کے بعد معراج ماما نے حملہ کرواکر متعدد فوجی جوان شہید کروائے، معراج ماما نے ریکی کرکے حساس ادارے کے افسر کے 4 کزنوں کو قتل کروایا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے رمضان المبارک میں ریکی کرکے گوادر پورٹ پر حملہ کروایا، رمضان المبارک میں ملزم نے پاکستان نیوی کے ایئرپورٹ پر ریکی کے بعد حملہ کروایا، اس حملے کے نتیجے میں متعدد جوان شہید ہوگئے تھے۔ڈی آئی جی ساؤتھ پولیس اسد رضا نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک میں نوشکی میں فوجی جوانوں پر پر حملہ کرواکر متعدد جوانوں کو شہید کروایا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں