
امریکا میں پہلی بار کسی ’برمنصب‘ صدر کے بیٹے کو عدالت نے متعدد الزامات کے تحت مجرم قرار دیا ہے۔صدر جوزف بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو 15 سال تک کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ اُسے نشے کی حالت میں غیر قانونی اسلحہ خریدنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ عدالتی رولنگ کے بعد صدر بائیڈن نے بیٹے کو گلے لگایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ولمنگٹن کی عدالت نے ہنٹر بائیڈن کے خلاف 2018 میں نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے اور اس سے متعلق غلط بیانی کرنے کے تینوں الزامات درست قرار دیے۔عدالت نے ہنٹر بائیڈن کو سزا سنانے کے لیے ابھی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق 54 سالہ ہنٹر بائیڈن کو مقدمے میں درج 3 الزامات پر 15 برس قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔امریکا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ منصب پر فائز کسی صدر کے بیٹے کو مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔بیٹے کو مجرم قرار دیے جانے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور عدلیہ کے لیے احترام کے حامل رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنٹر بائیڈن اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2025, All Rights Reserved