
کوٹ ادو میں دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے 3 کم سن لڑکوں کو قتل کرنے والے 2 زیرحراست ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔گرفتار ڈاکوؤں نے 24 اکتوبر کو موٹر سائیکل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 3 کم سن لڑکوں کو فائرنگ کر کے بیدردی سے قتل کردیا تھا، واقعے میں ملوث 2 ڈاکوؤں کو گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث مجید کھنڈ اور صادق درکھان نامی 2 ڈاکوؤں کو گزشتہ روز وسطی پنجاب سے حراست میں لیا تھا۔پولیس ترجمان وسیم خان کے مطابق دونوں گرفتار ڈاکوؤں کو اسلحے کی برآمدگی کیلئے احسان پور لے جایا جا رہا تھا کہ سندیلہ چوک کے قریب ڈاکوؤں کے 5 مسلح ساتھیوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔پولیس ترجمان کے مطابق ساتھیوں کی فائرنگ سے پولیس موبائل میں موجود دونوں گرفتار ڈاکو مارے گئے، واقعے کے بعد حملہ آور ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ترجمان کے مطابق پولیس نے ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیں۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے 3 بچوں کو قتل کرنے والے تیسرے ڈاکو کاشف رند کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں