
سندھ حکومت کراچی اور سکھر کے درمیان’’ بلٹ ٹرین‘‘ چلانے کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس بات کا اظہار وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی) ’’یلو لائن‘‘ منصوبے کے حوالے سے عالمی بینک کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کررہے تھے۔بینک کی نمائندگی پریکٹس منیجر ٹرانسپورٹ، ورلڈ بینک شومک مہنڈیراٹا( Shomik Mehndiratta ) اور سینئر ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ حسن زیدی نے کی۔ صوبائی وزیر کی تجویز پر عالمی بینک کے نمائندوں نے یلو لائن کے روٹ کا جوائنٹ سروے کرنے پر اتفاق کر لیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یلو لائن منصوبےپر 438 ملین امریکی ڈالرز لاگت آئے گی، منصوبے کے تحت یلو لائن کے لیے داؤد چورنگی، لانڈھی سے نمائش چورنگی تک 21کلومیٹر طویل کوریڈور تعمیر کیا جائے گا، جو کورنگی انڈسٹریل ایریا، جام صادق پل ، مین کورنگی روڈ، ایف ٹی سی انٹرچینج، شارع فیصل اور شاہراہ قائدین سے ہوتا ہوا کشمیر روڈ انٹرچینج پر بی آر ٹی ریڈ لائن سے منسلک ہوکر نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہوگا۔