کامونکی : عمران خان کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں

عمران خان نے آج کامونکی میں لانگ مارچ کے آغاز سے قبل لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق: ’جب تک ملک کے ادارے مضبوط نہیں ہوتے ملک تگڑا نہیں ہوگا اور ادارے اس وقت مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ فوج پر وہ پاکستانی تنقید کرتا ہے جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے فلیٹ لندن میں نہیں ہیں۔ میری جائیدادیں بیرون ملک نہیں ہیں کہ مقدمات بنیں تو باہر چلا جاؤں لیکن بھگوڑے پر کیس بنے تو وہ بیرون ملک بھاگ گئے۔‘عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اسی ملک میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ’خدا سے دعا ہے کہ وقت تو اس کے ہاتھ میں ہے کہ جب اس نے اوپر لے کر جانا ہے لیکن انہیں اوپر لے جانا ہے تو انہیں ارشد شریف والی موت ملے کسی گیدڑ والی نہیں۔‘

عمران خان نے مزید کہا کہ وہ پوری قوم سے کہہ رہے ہیں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے۔ قوم کو انصاف کے ذریعے ہی آزادی مل سکتی ہے۔ جب تک ظلم کا نظام ہوتا ہے، جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔ جنگل کا قانون ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آزادی کی جنگ ہے۔ ایسی جنگ میں قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔

قیام پاکستان کے وقت لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں تب جا کر انگریز سے آزادی ملی۔ اب چوروں سے آزادی کا وقت ہے اور ایسا تب ہو گا جب قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ پہلے عدل اور انصاف آتے ہیں تو پھر خوش حالی آتی ہے۔ جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہاں خوش حالی نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جب تک طاقتور ڈاکوؤں کو قانون کے تابع نہیں بنایا جاتا، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔‘انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں ہے کہ ’امپورٹڈ حکومت لانگ مارچ کی کوریج بند کروا رہی ہے۔ ایسا انصاف کے انقلاب کو اسلام آباد کی طرف بڑھتا ہوا دیکھ کر کیا جا رہا ہے۔عوام ان کے ساتھ نکلیں اور اسلام آباد پہنچیں۔ جس کے پاس جو سواری ہے اس پر بیٹھ کر اسلام آباد جائے۔ کچھ نہیں تو پیدل پہنچا جائے لیکن پہنچنا ضرور ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *